دوران تربیت سورڈ آف آنر اور دوران ِ ملازمت ہلال ِ امتیاز کے اعلیٰ اعزازات رکھنے والے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پانچ قابل ِ قدر خصوصیات کی بدولت پاک آرمی کے پہلے تمام سربراہوں سے منفرد ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان کے نئے آرمی چیف صرف حافظ قرآن ہی نہیں ملٹری اسکول جاپان، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، ملائیشین آرمڈ فو رسز کالج کوالالمپور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن بھی کر چکے ہیں ۔ اور انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے پبلک پالیسی اور اسٹریٹجک سیکیورٹی مینجمنٹ میں ایم فل بھی کیا ہے۔
پاک فوج کے او ٹی ایس سے تعلق
عام طور پر آرمی چیف پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ، ایبٹ آباد کے لانگ کورس سے پاس آؤٹ ہونے والے جنرل بنتے ہیں۔ مگر جنرل عاصم منیر پی ایم اے لانگ کورس سے نہیں بلکہ آفیسر ٹریننگ سکول ( او ٹی ایس) سے تربیت یافتہ ہیں۔ انہوں نے منگلا میں آفیسر ٹریننگ سکول سے پاس آؤٹ ہونے پر پاک آرمی کی فرنٹئیر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔
یاد رہے کہ کہ او ٹی ایس پروگرام 1989 میں ختم کر دیا گیا تھا اور 1990 میں اس آفیسر ٹریننگ سکول کو جونئیر کیڈٹ اکیڈمی کا درجہ دے دیا گیا تھا۔ اس سے قبل اس ادارے سے صرف ایک افسر فور سٹار جنرل کے عہدے تک پہنچے، جو جنرل ضیاء الحق کے دور کے جنرل کے ایم عارف تھے۔
دو انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ
جنرل عاصم منیر پاکستان کے وہ واحد آرمی چیف ہیں جو دو مختلف انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ وہ پہلے ملٹری انٹیلی جنس ( ایم آئی ) اور پھر 25 اکتوبر 2018 سے 16 جون 2019 تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے۔ اس سے قبل جنرل اشفاق کیانی جیسے آئی ایس آئی کے سربراہ آرمی چیف بنے ہیں ، لیکن جنرل عاصم منیر دو مختلف انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ رہنے والے پہلے آرمی چیف ہیں۔ دفاعی مبصرین کے مطابق دو اعلی ترین انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ رہنے کے وسیع تجربہ کے باعث انہیں اندرون ملک اور بیرون ملک انٹی پاکستان عناصر اور حساس سٹریٹجک ایشوز کے بارے مکمل ادراک ہے۔
سورڈ آف آنر
جنرل عاصم منیروہ پہلے آرمی چیف ہیں جنہوں نے دوران تربیت اعزازی شمشیر یا سورڈ آف آنر حاصل کی ہو۔ خیال رہے کہ سورڈ آف آنر وہ اعزازی تلوار ہوتی ہے جو پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹوں میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر دی جاتی ہے۔ اور اسے پانے کیلئے کیڈٹس کے درمیان سخت مقابلہ ہوتا ہے۔ یہ شمشیر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔
کوارٹر ماسٹر جنرل
جنرل عاصم منیر وہ پہلے آرمی چیف ہیں جو کوارٹر ماسٹر کے اہم عہدے پر فائز رہے ہیں۔ آرمی اصطلاح میں کوارٹر ماسٹر وہ عہدہ ہے جو فوجیوں کو مختلف قسم کا ساز و سامان فراہم کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ اس ساز و سامان میں اسلحہ، ہتھیار ، گولہ باردو، فوجی گاڑیاں وغیرہ شامل ہوتی ہیں۔
حافظ قرآن
جنرل عاصم منیر پاکستان کے پہلے آرمی چیف ہوں گے جو حافظ قرآن ہیں۔ آن لائن خبروں کے مطابق جنرل عاصم کے والد بھی حافظ قرآن تھے۔ جید عالم مولانا تقی عثمانی صاحب نے اس امر کی تصدیق کی ہے جنرل عاصم منیر نے حفظ قرآن 38 سال کی عمر میں مدینہ منورہ میں بطور لیفٹیننٹ کرنل اپنے آفیشل قیام کے دوران کیا۔ قوم ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی کامیابی اور قومی یک جہتی کے فروغ میں اہم کردار کیلئے دعا گو ہے ۔
خواتین کی پاکستان آرمی کیریئر کے بارے میرا یہ آرٹیکل ملاحظہ فرمائیں
Females can Join Pak Army as Captain through Lady Cadet Course (LCC)