بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے پاکستان کے سرکاری دورہ میں پاکستان سے جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی دفاعی مبصرین کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری ایک ایکٹو الیکٹرونکلی سکینڈ ایرے ، جدید ترین ریڈار اور لانگ رینج بی وی آر سے لیس 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو ہر طرح کے جنگی مشن کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان نے چین کی تکنیکی مدد اور باہمی اشتراک سے اس طیارے کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی صلاحیت حاصل کی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ لڑاکا طیارہ ایک ہمہ جہت، کم وزن، فورتھ جنریشن ملٹی رول ایئر کرافٹ ہے جس نے انڈیا کے ساتھ 2019 اور مئی 2025 کی جنگی کشیدگی میں اپنی اپنی بے مثال جنگی کارکردگی ثابت کی ہے۔
پاکستان اب تک آذربائیجان، میانمار اور نائجریا کو یہ طیارے فروخت کر چکا ہے۔ جبکہ سعودی عرب، عراق ، سوڈان اور لیبیا سمیت کئی ممالک کے ساتھ اس طیارے کی فروخت کے معاہدے طے پا چکے یا تکمیل کے مراحل ہیں۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا سے جنگ میں ہمارے لڑاکا طیاروں کی عملی طور پر کامیاب آزمائش ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو اتنے آرڈرز مل رہے ہیں کہ ممکن ہے اگلے چھ ماہ بعد پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرضوں کی ضرورت درپیش نہ رہے
پاکستانی فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اگرچہ بنگلہ دیش کے ساتھ ابھی تک اس طیارے کی فروخت کے حوالے سے باقاعدہ معاہدہ طے نہیں پایا تاہم بنگلہ دیش نے اس کی خریداری میں مثبت خیالی اور انتہائی دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ جس کے بعد قوی امید ہے کہ اگلے دنوں میں تفصیلی بات چیت لے بعد باقاعدہ معاہدہ طے پا جائے گا
پاکستان ائر فورس ترجمان کے مطابق بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات میں پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بنگلہ دیش کو سپر مشاق تربیتی طیاروں کی تیز رفتار فراہمی کے ساتھ مکمل تربیتی نظام اور طویل المدتی تکنیکی معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔


