جے ایف – 17 کے جدید ورژن بلاک 3 میں فضا سے فضا میں مار کرنے والے وہی تباہ کن میزائل نصب کیے گئے ہیں ، جو چین کے ففتھ جنریشن جے 20 اسٹیلتھ فائٹرز میں نصب ہیں۔ فضائی مبصرین کے مطابق یہ جدید ترین میزائل پی ایل 10 ای ، جے ایف 17 بلاک 3 کو مخالف طیاروں کیخلاف ڈاگ فائٹس میں فیصلہ کن بالا دستی دیں گے۔ اس فائٹر جیٹ میں دوسری اہم اپ گریڈیشن کیلئے اس میں جدید ٹیکنالوجی کا حامل نیا ریڈار سسٹم کے ایل جے – 7 اے بھی نصب کیا گیا ہے ۔
پاک چین فضائی ماہرین کے مطابق بھارتی رافیل طیاروں کا مقابلہ کرنے کیلئے بہت جلد ان طیاروں میں چین کے جدید ترین طیارہ شکن میزائیل پی ایل – 15 میزائل نصب کر دیے جائیں گے۔
شنگھائی کی آفیشل نیوز ایجنسی کی ویب سائٹ ایسٹ ڈے ڈاٹ کام کی رپورٹ میں ایک آزمائشی پرواز میں 3001 کے سیریل نمبر کا جے ایف 17 بلاک 3 طیارہ دکھایا گیا ہے ، جس میں نئے پی ایل 10 ای ائر ٹو ائر میزائل نصب ہیں۔ پی ایل 10 ای شارٹ رینج ائر ٹو ائر میزائل ہیں ۔ جو چین کے جدید جے – 20 سٹیلتھ فائٹر اور جے – 16 ، جے – 11 جیسے لڑاکا طیاروں میں نصب ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے جے ایف – 17 طیارے پی ایل 5 اور پی ایل 8 میزائلوں سے لیس ہیں۔
میزائل کے چیف ڈیزائنر لیانگ ژاؤجینگ کے مطابق پی ایل – 10 ای یہ فورتھ جنریشن میزائل دنیا کے جدید ترین میزائلوں کا ہم پلہ ہے۔ اور ہر لحاظ سے امریکی میزائیل اے آئی ایم – 9 ایکس جیسی تباہ کن صلاحیت کا مالک ہے۔ اس کے انفراریڈ ہومنگ ، انتہائی ایرو ڈائنامک ڈیزائن اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کی بدولت مخالف طیاروں حتٰی کہ کسی ففتھ جنریشن سٹیلتھ فائٹر کا بھی اس جدید میزائل سے بچنا ممکن نہیں ہے
عالمی ماہرین کے مطابق پی ایل 10 ای اور پی ایل – 15 میزائلوں کے ساتھ ، جے ایف 17 بلاک 3 ، کسی بھی مخالف لڑاکا طیارے کیخلاف ڈاگ فائٹ میں واضع برتری حاصل کرے گا۔۔
پی ایل 10 ای کے علاوہ ، جے ایف 17 بلاک 3 میں اگلی جنریشن کا جدید ترین ریڈار سسٹم کے ایل جے – 7 اے بھی نصب کیا گیا ہے۔ چین سنٹرل ٹیلی ویژن کے مطابق جے ایف 17 کا بلاک 3 اب متحرک برقی فائر کنٹرول راڈار سسٹم سے لیس ہے۔ اس جدید ترین ریڈار کی نمائش مشرقی چین کے جیانگ سو ، نانجنگ میں 9 ویں ورلڈ ریڈار ایکسپو میں کی گئی تھی۔
جے ایف 17 بلاک 3 ورژن کا جدید ترین ریڈار سسٹم ایک بڑے ہولوگرافک وائیڈ اینگل ہیڈ اپ ڈسپلے اور مربوط کاک پٹ ڈسپلے سمیت دیگر ٹیکنالوجیز سے لیس ہے۔ یہ ریڈار سسٹم چین کے جے 10 ، جے 11 ، جے 16 اور جے 20 جیسے طیاروں میں بھی نصب کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق نیے ریڈار سسٹم کے ایل جے – 7 اے اور پی ایل 10 ای میزائلوں کے ساتھ جے ایف 17 کا بلاک 3 دنیا کے طاقتور ترین ہلکے لڑاکا طیاروں میں شمار ہو گا۔ اور بہت جلد اگلے مرحلے میں پی ایل – 15 میزائیلوں کی تنصیب کے ساتھ ہی یہ ایک ناقابلِ تسخیر لڑاکا طیارہ بن کر سامنے آئے گا۔ فضائی ماہرین کے مطابق جے ایف 17 کے بلاک 1 اور 2 ورژن میں بھی اپ گریڈ کیلئے بہت جلد یہی جدید ریڈار سسٹم اور نئے میزائل نصب کر دیےجائیں گے۔ جس سے پاکسان فضائیہ کی سٹرائیک اینڈ ڈیفنس پاور اور پاکستان کی فوجی طاقت میں کافی اضافہ ہو گا۔
تحریر : فاروق رشید بٹ
جے ایف – 17 تھنڈر کے بارے میرا یہ کالم بھی پڑھیں
ایٹمی میزائلوں سے لیس جے ایف 17 تھنڈر فائٹر کے جدید ورژن بلاک 3 کی فضائی برتری
جے ایف – 17 کی عالمی مارکیٹ مین کامیابی کے بارے یہ کالم بھی پڑھیں
گلوبل ڈیفنس مارکیٹ میں پاکستانی جے ایف ۔ 17 نے انڈین تیجاس کو کیسے شکست دی؟